top of page

پیغام پاکستان

پیغام پاکستان


دنیا کے لیے پاکستان کا پیغام ہے اس وطن کا پیغام جس کی بنیاد کلمۂ توحید پر رکھی گئی جس کی بنیادوں میں ہزاروں نہیں لاکھوں اہل توحید کا لہو ہے وہ وطن کہ جس نے اپنے قیام کے ساتھ ہی کشمیر میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر چھتیس فیصد علاقہ بھارتی قبضہ سے آزاد کروایا یہ اس مملکت خداداد کا پیغام ہے کہ جس نے پینسٹھ میں بھارتی سورماؤں کے اچانک حملہ کو الٹ کر انہیں خاک چاٹنے پر مجبور کیا ، پیغام پاکستان اس پاکستان کا پیغام ہے جس نے روسی سرخ ریچھ کے مسلسل آگے بڑھتے قدموں کو نہ صرف یہ کہ مزید آگے بڑھنے سے روکا بلکہ اسے افغانستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں گھیر کر ایسے کاری زخم لگائے کہ یو ایس ایس آر نامی سپر پاور ٹکڑے ٹکڑے ہونے پر مجبور ہوگئی

جی ہاں پیغام پاکستان پیغام ہے اس جری پاکستان کا کہ جس نے کارگل کے بلند و بالا پہاڑوں میں اپنے ازلی دشمن ہندوستان کو وہ سبق سکھایا کہ وہ آج تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے

پیغام پاکستان پیغام ہے عزم و ہمت کی اس عظیم داستان کا کہ جس میں دنیا کی واحد سپر پاور اپنے حواریوں سمیت افغانستان پر حملہ آور ہوئی تھی ساری دنیا یہ جانتی ہے کہ کل روس کا اصل ہدف بھی افغانستان نہیں پاکستان تھا اور آج امریکہ بھی پاکستان کو ہدف بنا کر ہی افغانستان کی سرزمین پر اترا تھا ایسے وقت میں پاکستان اپنے افغانی بھائیوں کے ساتھ اپنی تاریخ کے سب سے بڑے خطرے کا سامنا کررہا تھا ساری دنیا کہہ رہی تھی اب پاکستان کے لیے اپنا وجود برقرار رکھنا بھی ممکن نہیں ہوگا پاکستان کے نئے سے نئے نقشے شائع کیے جارہے تھے ساری دنیا کے تھنک ٹینکس اپنے دانش کے ٹوکرے اٹھائے پاکستان کو وجود سے عدم کرنے کے مشن پر لگے ہوئے تھے ایسی خطرناک صورتحال میں وطن عزیز پاکستان اپنی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک عظیم مقابلہ کی تیاری کررہا تھا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ وہ پاکستان جسے دنیا بظاہر دشمن کی صفوں میں دیکھ رہی تھی اپنی عظیم الشان حکمت عملی کو بروئۓ کار لاتا ہے ابھی کچھ ہی دن گزرے تھے افغانستان میں فتح کے شادیانے بجاتے دشمنوں کی صفوں سے چیخ و پکار بلند ہونے لگی جس میدان میں وہ اپنی مکمل فتح کا اعلان کرچکے تھے اس میدان میں اب انہیں جگہ جگہ مزاحمت کا سامنا تھا جن لوگوں کی تباہی و بربادی کا اعلان وہ دنیا کے سامنے برملا کرچکے تھے وہ اپنی صفیں ازسر نو درست کرکے میدان سجانے لگے تھے یہ میرے وطن کے عظیم محافظوں کی عظیم حکمت عملی تھی کہ دنیا باوجود یہ جاننے کہ ، کہ ایک سپر پاور کو توڑنے والا پاکستان ایک بار پھر اپنے اور اپنے افغانی بھائیوں کے دفاع کے لیے میدان میں موجود ہے اسے روکنے میں ناکام تھی یہ عظیم معرکہ بیس سال جاری رہا پاکستان اپنے افغانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا قربانیاں دیتا رہا تقریباً پچاسی ہزار پاکستانی اس معرکہ میں قربان ہوئے سو ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان پاکستان نے برداشت کیا لیکن پاکستان کھڑا رہا اور پھر دنیا نے دیکھا

کہ پاکستان توڑنے کے خواب دیکھنے والے دشمن تاریخی ذلت و رسوائی کا شکار ہوئے وہ جو پوری دنیا کو اپنی مرضی سے چلانے کا دعوی کررہے تھے اکیلے افغانستان میں بھی اپنا وجود برقرار رکھنے میں ناکام تھے دن کی روشنی میں دندناتے ہوئے افغانستان میں گھس بیٹھ کرنے والے رات کی تاریکی میں چھپتے چھپاتے افغانستان سے راہ فرار اختیار کررہے تھے ایک اور عظیم کامیابی پاکستان کی راہ تک رہی تھی پاکستان کا ازلی دشمن بھارت جو اربوں ڈالر افغانستان میں جھونک کراپنے آپ کو افغانستان کا مالک سمجھ بیٹھا تھا اپنے مائی باپ امریکہ کی ذلت آمیز شکست کے بعد افغانستان سے اپنا بوریا بستر سمیٹنے پر مجبور تھا افغانستان سے یہ دیس نکالا صرف ہندوستان کو نہیں مل رہا تھا بلکہ اس کے پالتو ایجنٹ ( جو افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کررہے تھے ) بھی دم دبا کر بھاگنے پر مجبور ہورہے تھے

جی ہاں پیغام پاکستان پیغام ہے اس عظیم الشان فاتح عالم پاکستان کا کہ جس کے لیے کہا جارہا تھا وہ دنیا میں تنہا ہوگیا ہے اور دنیا کا کوئی ملک اس کے ساتھ کھڑا ہونے کے لیے تیار نہیں ہے اور آج دنیا مشاہدہ کررہی ہے کہ دنیا کے چھوٹے بڑے سارے ممالک پاکستان سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں ساری دنیا کہہ رہی کہ آنے والے دنوں میں دنیا میں ہونے والے تمام فیصلوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ترین ہوگا

دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بالخصوص اور پاکستانیوں کے لیے بالعموم خوشخبری ہے دنیا کی دو بڑی سپر پاورز کو خاک چٹانے والے اپنے سے سات گنا بڑے بھارت کو مسلسل ناک میں نکیل ڈالے رکھنے والے پاکستان کی قیادت میں وہ سفر شروع ہونے جارہا ہے جس میں صدیوں پستی میں رہنے والے مسلمان دنیا میں ترقی و فلاح کی عظیم بلندیوں کو چھوئیں گے ان شاءاللہ

آخری بات پاکستان کی اس عظیم فتح کو گہناُنے کے لیے دشمن پاکستان سر توڑ کوشش کریں گے لسانی فرقہ وارانہ گروپوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جائے گی داعش اور ٹی ٹی پی جیسے مسلمانوں کے سفاک قاتلوں کو مختلف رنگ و روپ میں سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی ممکن ہے بدامنی میں اضافہ کی کوشش کی جائے یہ بھی ممکن ہے کہ اپنی پروپیگنڈہ مشینری کو استعمال کرکے پاکستانیوں کے اذہان کو مایوسی کی دلدل میں دھکیلا جائے

میرے پاکستانیوں آپ نے جاگتے رہنا ہے دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے اپنے وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے وقت کی کٹھنائیاں اب ختم ہونے کو ہے امید کا سورج طلوع ہوچکا ہے تھوڑا سا صبر اور استقامت کامیابیوں کے نئے سے نئے در کھولنے کو ہے سو کھڑے رہیے اپنے وطن اور اس کے عظیم محافظوں کے ساتھ

اسلام زندہ باد

پاکستان پائندہ باد


تحریر۔ فیصل ندیم


10 views0 comments
bottom of page