تحریر ۔ عمر حیات باجوہ گوجرنوالہ
گردشی قرضے اتر گئے! اب مدینہ کی ریاست قائم ہو کر رہے گی!
واہ جی واہ۔ اچھا، السلامُ علیکم۔
جی و علیکم السلام، آپ کون؟
جی میں عوام۔
کیا مطلب؟
جی میں عوام۔
یار یہ اندر کیسے آیا؟
سر دروازے سے۔
ھمممم، کیا کام ہے؟
جی ووٹ دیا تھا۔
تو؟
آپ نے ایک بار بجلی کا بل جلایا تھا۔
ووٹ کا بجلی کا بل جلانے سے کیا تعلق؟، کام کی بات کرو۔
جی تعلق ہے۔
جلدی بولو یار، ریاست چلانا مذاق نہیں سو کام ہیں، اور یہ مذاق کا وقت نہیں۔
مؤدبانہ عرض ہے، کہ لگتا یہی ہے مسلسل مذاق ہو رہا ہے (ھی ھی ھی)۔
یار یہ کون پاگل ہے نکالو اسے !
سر اس کا مکمل نام "عوام الناس" ہے، آجکل بہت غصے میں ہے۔
میں کسی سے نہیں ڈرتا !
سر، اللہ سے ڈریں، عوام اللہ کے بھروسے ہے، بات تو سن لیں اس غریب کی۔
یار کیا بہکی بہکی باتیں کرتا ہے یہ "عام اناناس"، میرا میٹنگ شیڈول بتاؤ، اور، "عام" بھائی تم کچھ دیر خاموش بیٹھو۔
جی میں تو 1947 سےخاموش ہوں، میرا ووٹ واپس کریں میں جاؤں آپ سنتے ہی نہیں۔ ویسے میرا نام تو عوام ہے مجھے بڑے لوگ پیار سے "عام" پکارتے ہیں۔
یار عوام تمہارا دماغ خراب ہے! یار "چمچے" اسے کچھ رقم دو اور چلتا کرو۔
جناب پیسے نہیں چاہییں، ریاستِ مدینہ دیکھنی ہے ایک چکر لگوا دیں، بچوں کی ضد تھی آپ نے بنائی ہے مگر کسی کو دکھاتےنہیں ہیں۔ بچے کچھ اداس تھے ساتھ لا نہیں سکا ، تین کلومیٹر دور گھر ہے پیدل آیا ہوں، بس ایک دو "فوٹُو" بنانے ہیں، مجھے وہاں دیکھ کر بہل جائیں گے۔
اُف یا خدا، یہ کون پاگل ہے، بھئی دیکھو میں کوشش کر رہا ہوں، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
بادشاہ سلامت! آپ کیا ٹھیک کر رہے ہیں؟ ریاست میں کوئی ٹپکتی چھت یا میرے بیٹے کا کباڑ سے لیا 200 روپے کا سائیکل؟ میری گلی میں گٹر کا پانی ویسا ہے، شکایت لے کر جاؤ تو محکموں میں بیٹھے صاحب کی بدتمیزی ویسی کی ویسی، مانگنے والے کے لیے دھتکار (الٹا جیل بھی ھی ھی)، سر آپ کو مزے کی بات بتاؤں؟ اللہ بخش ریڑی والے کے بڑے بیٹے محمد حسین نے بھی ماشاءاللہ پنجاب "یونی وَشٹی" سے ایم اے بی اے (اللہ جانے) مکمل کیا ہے اسے بخشو نے ریڑی لے کر دی ہے۔ اب ان کے گھر خوشہالی رہے گی۔ دیکھیں میں نے اچھی خبر سنا دی، اب چکر لگوا دیں ریاستِ مدینہ کا، مَنت کرتا ہوں۔
یار یہ کیا کہہ رہا ہے؟ توبہ ! ہم پورے ملک کو ریاست مدینہ جیسا بنائیں گے (یہ کہا تھا) کوئی الگ علاقہ نہیں بنا رہے۔
ہیں؟ قسم کھائیں! میں سمجھا تھا اب تک کہیں بَن گئی ہوگی تین سال ہو گئے ہیں، "مالک نیاز" ٹھیکیدار تو تین دنوں میں گھر تیار کر لیتا ہے، آپ بادشاہ ہو کر تین سال میں نہیں کر سکے؟ تو مطلب اب یہ بات بھی ہمیں سمجھ نہیں آئے گی؟
اچھا ایک کام کر دیں بخشو کو ایک "فُون" تو کر دیں اور بتائیں میں آپ کے پاس ہوں، میری شو شا بن جائے گی او بچوں کو ثبوت بھی مل جائے گا۔
"چمچے" تم کیوں دانت نکال رہے ہو؟ اللہ اکبر۔
جیا جیا! اللہ اکبر! اسی نعرے سے آئے تھے آپ، کمر ٹیڑہی کر دی ہماری چند برس میں آپ نے (ھی ھی ھی).
یہ مذاق ہو رہا ہے؟
جی ہمارے ساتھ (ھی ھی ھی)
اففف ! اور کچھ؟
کیا اور کچھ؟ آپ کبھی بھوکے سوئے ہیں؟
ہاں میں روزے رکھتا ہوں۔
نہیں محترم جب 1 سال کے تھے آپ تب کبھی بھوکے سوئے؟
کیا فضول سوال ہے؟
چلیں پھر اسکا بھی جواب میں ہی دے دیتا ہوں۔ آپ کے گردشی قرضے کی خبر سے، غیر قانونی تجاوزات کی بازیابی سے، محترم نواز شریف صاحب کو نااہل کرانے سے، ذرداری صاحب کی تحقیر کرنے سے، بہت سارے گھر بنانے سے، کافی سارے پودے لگانے سے، ریاست کو مدینہ کی ریاست بنانے سے، یہاں تک کہ آپ کے صد فی صد مُخلص ہونے سے میرے ایک سال کے بچے کو کوئی غرض نہیں تھی، اسے کھانے کو کچھ چاہیے تھا اور میں آپ کی مدینے کی ریاست میں مانگ مانگ کر چِلا چِلا کر تھک گیا اور اسے ایک وقت کا کھانہ نہ دے سکا، وہ "بَمار" تھا (الو کا پٹھہ پانی میں ہاتھ مارتا رہا سارا دن، اب دکھیں نا اُسے مشغول بھی رکھنا تھا ، "ڈبل روٹی" کی ضد کرتا رہا سارا دن اور کھیلتا بھی ٹھنڈے پانی سے رہا)، وہ آج شام کو مر گیا ہے بیچارہ! بس کچھ دیر قبل اپنے بچے کی تدفین کر کے آیا ہوں، وہ بھوکا سو گیا تھا اور پتہ نہیں کیسے مر بھی گیا"! اب تو بتا دیں، ونہ میں پھر جاؤں، آپ سنتے ہی نہیں نہ جواب دیتے ہیں۔
یا اللہ! بہت افسوس ہوا! چاہتے کیا ہو؟
"روٹی" اور کیا !!!!!!!!!!!!!!!!!!!!!!
اب اجازت دیں۔
اوہو اوہو، رکو، بات سنو "عام" بھائی !
جناب! سننے نہیں سنانے آیا تھا کہ باتوں سے پیٹ نہیں بھرتے (غربت ختم کرنی تھی آپ نے تو غریب ختم کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا)، ویسے "بادشاہ" بھائی! ایک "مَش بَرہ" ہے، اب بھی کوشش کر لیں کہیں ایسا نہ ہو اگلی باری آپ کی ہو، یہاں "عوام" 22 کروڑ لوگوں کا نام ہے! چنگے بھلے ہیں (ھی ھی ھی)
تحریر ۔ عمر حیات باجوہ گوجرنوالہ
@UmarHayatBajwa
https://twitter.com/UmarHayatBajwa?s=08